لاہور۔ 15 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام )زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔ چہارشنبہ کو کراچی میں اسماعیلی برادی کی بس میں حملے میں 43 افراد کی ہلاکت کے بعد زمبابوے کی جانب سے دوبارہ سکیورٹی کا جائزہ لینے کے اعلان کے بعد یہ دورہ ملتوی ہونے کا خدشہ تھا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے انہیں طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔گزشتہ روز زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان کے ذریعے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم 15 منٹ بعد ہی بیان واپس لے لیا گیا اور کہا گیا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔شہریار خان کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر نے انہیں ٹیلی فون کے ذریعے شیڈول کے مطابق پاکستان آنے کی یقین دہائی کروائی ہے جب کہ اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بھی کچھ دیر میں کر دیا جائے گا۔
2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی عالمی ٹیم پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔ گزشتہ مہینے سیریز کا شیڈول طے کرنے کے دوران پی سی بی نے زمبابوے کو لاہور کے ساتھ ساتھ کراچی میں کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مہمان ٹیم کے ارکان نے زیادہ سفر پر اپنے تحفظات ظاہر کئے تھے۔مئی کے آغاز میں زمبابوے کرکٹ یونین کے مینیجنگ ڈائریکٹر الیسٹر کیمبل کی سربراہی میں پانچ رکنی سکیورٹی وفد نے لاہور کا دورہ کیا تھا، جس دوران انہیں سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی معلومات فراہم کی گئی تھی ۔ زمبابوے کی ٹیم تین ونڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 19 مئی سے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ زمبابوے کے اخبار دی ہیرلڈ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی حامی بھری ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ زمبابوے ٹیم کی سکیورٹی کیلئے 10 لاکھ ڈالرز کی رقم خرچ کرے گا۔