زرعی پانی کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت

محبوب نگر میں اجلاس، پرنسپال سکریٹری آبپاشی مسٹر ایس کے جوشی کا خطاب
محبوب نگر۔/30مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے زیر التواء پراجکٹس کے کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے خریف سیزن میں کسانوں کو پانی کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی پرنسپل سکریٹری برائے آبپاشی ایس کے جوشی نے ریونیو میٹنگ ہال محبوب نگر میں منعقدہ اجلاس میں پالمور، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اور دیگر پراجکٹ کیلئے حصول اراضی کے کاموں کے جائزہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کلواکرتی، بھیما ، نیٹم پاڈو پراجکٹس کیلئے کتنی اراضی حاصل کی گئی اور مزید کتنی درکار ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر ٹی کے سری دیو، جوائنٹ کلکٹر رام کشن اور محکمہ مال و آبپاشی عہدیداروں سے اس ضمن میں تفصیلات حاصل کیں۔ اجلاس میں ریاستی حکومت کے چیف اڈوائزر ودیا ساگر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اپریل کے ختم تک ضلع کے تمام پراجکٹس کیلئے حصول اراضی کا کام مکمل کرلیا جائے۔ کسان اگر رضامندی سے اراضی دیتے ہیں تو حاصل کرلیں ورنہ سیکشن 123 لینڈ ایکوائزیشن کے تحت اراضی حاصل کرلی جائے۔ انہوں نے ضلع عہدیداروں کی ستائش کی کہ وہ حصول اراضی کیلئے مستعدی کے ساتھ مصروف ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ ضلع میں جولائی تک کسانوں کو پانی کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر رام کشن نے واقف کرایا کہ حصول اراضی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر پراجکٹس سی ای کھگیندر، اسپیشل ڈپٹی کلکٹر ونجا، ایس ایز رگھوناتھ راؤ، نریندر ریڈی و دیگر پراجکٹس کے انجینئرس موجود تھے۔