زخمی کیوی بولر آڈم ورلڈ کپ سے باہر

آکلینڈ ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر آڈم ملنے کرکٹ کے عالمی کپ کے اہم اور فیصلہ کن مرحلے پر زخمی ہو کر سیمی فائنل اور نیوزی لینڈ کی پہلی بار فائنل میں رسائی کے پیش نظر خطابی مقابلے سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کوچ مائک ہیسن نے کہا ہے کہ 22 سالہ آڈم گزشتہ دو ہفتوں سے بائیں ایڑی میں درد محسوس کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں اُن کا درد ختم ہو گیا تھا لیکن میچ میں شمولیت کے بعد یہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ یہاں ایڈن پارک میں میڈیا سے گفتگو میں ہیسن نے کہا کہ آڈم بولنگ کرنے کے قابل نہیں ہیں اور جب وہ گیند پھینکتے ہیں تو انھیں شدید تکلیف ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں چلنے پھرنے میں کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوتی لیکن جب وہ گیند بازی کرتے ہیں تو درد اس قدر شدید ہوجاتا ہے کہ اُن کیلئے چلنا بھی محال ہو جاتا ہے۔ آڈم کے زخمی ہونے سے نیوزی لینڈ کیلئے کافی مشکل پیدا ہو گئی ہے۔ نیوزی لینڈ اب تک اپنے تمام میچوں کیلئے ایک ہی ٹیم منتخب کرتا رہا اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی۔