زخمی والد کی دیکھ بھال کے لیے امریکہ جانے بیٹے کی خواہش

والدہ کے ساتھ سفر کا ارادہ ، تعاون کے لیے سشما سوراج سے درخواست
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : امریکہ کے شہر شکاگو کے ایک گیس اسٹیشن پر گذشتہ روز ہوئے شوٹنگ واقعہ میں زخمی حیدرآبادی سید باقر حسین کے فرزند سید مظفر حسین نے وزیر خارجہ سشما سوراج اور حکومت تلنگانہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے افراد خاندان کو امریکہ کے سفر کے ضابطہ میں ممکنہ مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ ( مظفر ) اور ان کی والدہ شکاگو پہونچکر ان کے زخمی والد کی بہتر دیکھ بھال کرسکیں ۔ ڈالٹن گیس اسٹیشن پر کل رات کسی نامعلوم بندوق بردار نے فائرنگ کرتے ہوئے گجرات کے ایک 19 سالہ نوجوان ارشد ووہرا کو ہلاک اور ٹولی چوکی حیدرآباد کے سید باقر حسین کو زخمی کردیا تھا ۔ مظفر حسین نے کہا کہ ’ مجھے کل رات ایک بجے اس واقعہ کی اطلاع ملی ۔ میرے والد گذشتہ 12 سال سے وہاں کام کررہے تھے اور اچانک پیش آئے اس واقعہ سے پہلے تک تمام حالات بالکل ٹھیک تھے ۔ میرے والد کو دو گولیاں لگی ہیں ۔ حتی کہ اس گیس اسٹیشن کے مالک کے بیٹے کو بھی گولی لگی ہے ۔ پولیس نے انہیں تشویشناک حالت میں دواخانہ منتقل کیا ہے ‘ ۔ مظفر حسین نے مزید کہا کہ ’ مئیں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لیے والدہ کے ساتھ امریکہ جانا چاہتا ہوں ۔ مئیں حکومت ہند اور حکومت تلنگانہ سے درخواست کرتا ہوں کہ سفر امریکہ کے ضمن میں ہماری مدد کی جائے گی ۔ بالخصوص میڈم سشما سوراج اس مسئلہ کا نوٹ لیں ۔ ہم بس یہی چاہتے ہیں کہ ہمارے والد ٹھیک ہوجائیں ‘ ۔۔