زخمی میسی کی پہلے مقابلے میں شرکت غیر یقینی

یونس آئرس۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام )کوپا امریکہ کپ میں ابتدائی میچ سے قبل ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر لیونل میسی کا زخمی ہونا ان کی ٹیم کے لئے پریشانی کا سبب بن گئی۔ میسی  ہنڈراس کے خلاف کوپا امریکہ کپ کے وارم میچ کے دوران 64 ویں منٹ میں کمر کی تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے اور ان کے متبادل کھلاڑی کے طور پر اولیور موریزان کو بلایا گیا تھا۔ ارجنٹینا فٹبال ٹیم مذکورہ میچ میں گونزالو ہگوئین کے واحد گول کی بدولت 1-0 سے کامیاب ہوئی تھی۔ ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ میسی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور انھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان کی تکلیف کا علاج کر رہے ہیں۔ میسی ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو معمولی تکلیف کے باعث میدان سے باہر نہیں جاتے اسی لیے ٹیم انتظامیہ کو ان کی تکلیف پر تشویش ہے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں چلی کے خلاف ان کی عدم دستیابی سے ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ وارم اپ میچ میں گول کرنے والے کھلاڑی گونزالو نے ٹویٹر میں میسی کی کمر کی تکلیف  پر شدید پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت ہمارے لیے ضروری تھی۔ ارجنٹینا ٹیم کے منیجر گیراڈو مارٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ میں میسی کی تکلیف کی تفصیلات جاری نہیں کر پاؤں گا۔ پانچ مرتبہ کے فیفا کے پلیئر آف دی ایئر میسی گزشتہ سال ستمبر میں گھٹنے کے زخم کا شکار ہو کر طویل عرصے تک بارسلونا کی نمائندگی نہیں کر پائے تھے۔ ارجنٹینا کوپا امریکہ کپ کے گروپ ڈی میں چلی، بولیویا اور پناما کے ساتھ شامل ہے جہاں ان کا پہلا میچ 6 جون کو چلی کے خلاف کیلیفورنیا میں ہوگا۔