زخمی محموداﷲ ہندوستانی سیریز سے باہر

ڈھاکہ ۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں ہیرو ثابت ہونے والے محموداﷲ زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستان کیخلاف رواں ماہ شروع ہونے والی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ شاندار فام میں موجود محموداﷲ کا ٹیم سے باہر ہونا بنگلہ دیش کیلئے ایک بڑا دھکہ ہے ۔ ٹریننگ سیشن کے دوران وہ اپنا بایاں ہاتھ زخمی کروابیٹھے ہیں اور ابتدائی رپورٹس میں ان کے فریکچر کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ ایکسرے رپورٹ نے واضح کردیا ہے کہ محموداﷲ کو مکمل صحتیاب ہونے کیلئے تین تا چار ہفتے درکار ہیں۔
کرکٹ ایپس کے ڈاؤن لوڈ میں 2000 فیصد اضافہ
حیدرآباد ۔4 جون ۔(ای میل) ہندوستان میں کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے ، اس کا ایک اور ثبوت یہ ہے کہ سائبر دور میں جہاں اسمارٹ فونس اور دیگر آلات ضروریات زندگی بن چکے ہیں وہیں کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کیلئے ’’9 ایپس ‘‘ کے ڈاؤن لوڈ میں مارچ اور مئی کے درمیان 2000 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ورلڈ کپ اور آئی پی ایل 2015 ء جیسے ٹورنمنٹ میں شائقین نے دلچسپی دکھاتے ہوئے اس تھرڈ پارٹی اپلکیشن کو ڈاؤن لوڈ کیا ہے جبکہ ایک دن میں ڈھائی لاکھ ڈاؤن لوڈس بھی کئے گئے ہیں۔