کولمبو۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کپتان اینجلو میتھیوز پنڈلی کی تکلیف کے باعث سہ رخی ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے۔کرکٹ سری لنکا کے ذرائع کے مطابق30 سالہ آل راؤنڈر گزشتہ 18 ماہ سے زخموں کا شکار ہیں اور جنوری میں قیادت سنبھالنے کے بعد صرف ایک مرتبہ ہی ایکشن میں نظر آئے ہیں۔ سہ رخی سیریز کیلیے بحالی پروگرام میں مصروف تھے کہ اسی دوران انہیں پنڈلی کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ 6 تا 18 مارچ تک کولمبو میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان سری لنکا کے علاوہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔واضح رہیکہ سری لنکائی کرکٹ ٹیم کو حالیہ دنوں میں مستقل کپتان کا مسئلہ درپیش ہے حالانکہ اس میں ہندوستان اور پھر بنگلہ دیش کے دورہ پر ایک سے زائد کپتانوں کو آزمایا ہے اور میتھیوز کے ساتھ امید کی جارہی تھی کہ وہ اس مسئلہ کا حل ہوں گے لیکن ان کے بار بار زخمی ہونے سے انتظامیہ کو مسائل کا سامنا ہے۔