زخمی ربادا آئی پی ایل سے باہر،افریقی ٹیم متفکر

نئی دہلی ۔3مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپٹلس نے ٹورنمنٹ کے کامیاب ترین بولر کگیسو ربادا کی سیزن کے باقی میچوں سے باہر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے پیٹھ کے درد میں مبتلا ہیں۔ تکلیف کی وجہ سے وقت سے پہلے ہی دہلی کیپٹلس سے باہر ہونے کے بعد ربادا نے کہا کہ اس مقام پر آکر اپنی ٹیم کا ساتھ چھوڑنے کا انہیں کافی افسوس ہے ۔ ربادا نے کہا کہ ٹورنمنٹ کے اس مرحلے میں دہلی کا ساتھ چھوڑنا میرے لئے کافی دکھ کی بات ہے لیکن اب ورلڈ کپ صرف ایک ماہ دور ہے لہذا متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مجھے آئی پی ایل درمیان میں ہی چھوڑکر وطن واپس جانا ہوگا۔ میرے لئے یہ سیزن میدان کے اندر اور میدان کے باہر شاندار رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ میری ٹیم اس سال یہ خطاب جیتے گی۔یادرہے کہ ربادا نے اب تک 12 میچوں میں 14.72 کی اوسط سے 25 وکٹ لئے ہیں۔ وہ پرپل کیپ کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ ان کی ڈیتھ اوورس میں شاندار بولنگ کا ہر کوئی قائل ہے۔ ان کی اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے ہی دہلی کی ٹیم آسانی کے ساتھ پلے آف میں پہنچ گئی ہے۔ دہلی کی ٹیم چھ سال بعد پلے آف میں پہنچی ہے۔دوسری جانب ورلڈکپ سے قبل انڈین پریمئر لیگ کے مضر اثرات کرکٹرز پر ظاہر ہونے سے ٹیم انتظامیہ پریشان ہے۔ جنوبی افریقی فاسٹ بولر ربادا کمر کی تکلیف محسوس کررہے ہیں اور اس بنا اب وہ آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔ تکلیف کتنی سنگین ہے فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ افریقی حکام کیلئے زیادہ پریشانی کی بات یہ ہے کہ لیگ کے سبب فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی ورلڈکپ میں شرکت پہلے ہی غیر یقینی ہے۔ وہ کاندھے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے ماہرین سے معائنہ کروایا ہے، تاہم کرکٹ سائوتھ افریقہ اور سلیکٹرز کو ان کی تکلیف سے متعلق رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں۔