زبردست بارش سے سیلاب زردگان کی مشکلات میں اضافہ

سرینگر ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینکڑوں افراد جو تباہ کن سیلاب میں اپنے مکان منہدم ہوجانے کے بعد خیموں میں مقیم ہیں۔ کل زبردست بارش کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ سرینگر میں کل 23.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آج مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج ریاستی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ اندرون ایک ہفتہ 75 ہزار روپئے بطور عبوری امداد ان خاندانوں کو فوری ادا کردیئے جائیں جن کے رہائشی مکانات گزشتہ ماہ سیلاب کی وجہ سے منہدم ہوچکے ہیں۔ ایک اعلیٰ سطحی نگرانکار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تاکہ راحت رسانی اور باز آبادکاری کی کارروائی میں رفتار پیدا کی جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا اکہ تمام ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلہ میں ہدایت جاری کردی جانی چاہئے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ راحت رسانی کی تکمیل اندرون ایک ہفتہ ہوجانے چاہئے ۔ اجلاس میں شریک سرکاری عہدیداروں سے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کی یکسوئی مقرر وقت کے اندر کرنے سے قاصر رہنے پر کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو مکان منہدم ہوچکے ہیں، ان کے مالکوں کو معاوضہ کی ادائیگی ہوجانے چاہئے اور اس کی اطلاع انہیں دی جانی چاہئے۔