زبردستی گنیش چندہ کی وصولی کیلئے خاتون کو زدوکوب کرنے والا شخص گرفتار

حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) مکان میں زبردستی داخل ہوکر گنیش کے چندہ کیلئے خاتون کو زدوکوب کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سکندرآباد کے علاقہ تکارام گیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی وینو کمار 26 سالہ شخص گذشتہ روز ٹیچرس کالونی میں گیا تھا اور اس نے پنالال بھائی نامی شخص کے مکان میں زبردستی داخل ہوگیا اور اس سے جبراً گنیش مورتی کیلئے چندہ مانگنے لگا ۔ تاہم پنالال کی بیوی تارا دیوی نے ونود کمار کو چندہ دینے سے انکار کردیا اور بعد میں آنے کیلئے کہا ۔ اس بات کو سنکر ونود کمار برہم ہوگیا اور اس نے تارا دیوی کا ہاتھ پکڑا اس خاتون کے ساتھ نہ صرف اس نے بدتمیزی کی بلکہ مبینہ طور پر دست درازی کے بعد اسے زدوکوب کیا ۔ تکارام گیٹ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کے شیام کے مطابق اس نے خاتون کو پیٹھ اور نازک مقامات پر مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور پیر سے اس خاتون کی پیٹھ میں لات ماری جس کے سبب خاتون شدید زخمی ہوگئی جو فی الحال زیر علاج ہے ۔ پولیس کے مطابق یکم ستمبر کی شام تقریباً 5.30 بجے یہ واقعہ پیش آیا پولیس نے شکایت کی بنیاد پر ونود کمار کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت کارروائی کی ۔