حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) شراب کے نشہ میں دھت آپس میں جھگڑا کرنے کے بعد ایک ساتھی نے دوسرے ساتھی کا بے رحمانہ انداز میں صرف 128 روپئوں کیلئے قتل کردیا ۔ قتل کی سنسنی خیز واردات قلب شہر نارائن گوڑہ میں رات دیر گئے پیش آئی اور قتل کا انکشاف صبح تاخیر سے ہوا ۔ تاہم مقتول کی شناخت میں پولیس کو مشکلات پیش آئیں ۔ بعد ازاں مقامی عوام کی تصدیق سے مقتول بابو کی شناخت مسلم نوجوان کی حیثیت سے کرلی گئی ہے اور پولیس نے اس کے رشتہ داروں سے رابطہ پیدا کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ یہ بات انسپکٹر نارائن گوڑہ مسٹر بھیم ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ رات دیر گئے 20 سالہ بابو کا اس کے ساتھی سنتوش نے قتل کردیا ۔ بابو پیشہ سے ایک فنکشن ہال میں کام کرتا تھا ۔ سنتوش بابو اور ان کے دیگر ساتھی آپس میں مل جل کر کام کرتے تھے ۔ 128 روپیوں کیلئے بابو اور سنتوش کے درمیان کل ان میں بحث و تکرار ہوئی اور بابو نے سنتوش کو برا بھلا کہا ۔ بحث و تکرار کے وقت دیگر ساتھی بھی موجود تھے ۔ اس بات سے غم و غصہ کا شکار سنتوش رات کی تاریکی کا انتظار کر رہا تھا ۔ دونوں اکثر رات فٹ پاتھ پر گذارا کرتے تھے ۔ رات دیر گئے جیسے ہی سنتوش نے دیکھا کہ بابو گہری نیند میں ہیں اس نے وزنی پتھر ڈالکر بابو کا قتل کردیا ۔ بابو ریاست کرناٹک کا متوطن ہے جو شہر بنگلور کے قریب ایک گاؤں میں رہتا تھا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ کل رات قاتل اور مقتول دونوں نے کثرت سے مئے نوشی کی تھی ۔ پولیس نارائن گوڑہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔