ر100 راہول گاندھی ایک نریندر مودی کا مقابلہ نہیں کرسکتے

ممبئی۔یکم جون( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی حکومت کو سوٹ بوٹ کی سرکار کا طعنہ دینے پر نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ یہ حکومت سوٹ کیس سرکار سے بہتر ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی بلند لہر کا100راہول گاندھیوں سے تقابل نہیں کیا جاسکتا ۔ پارٹی نے یہ نشاندہی کی کہ سیاسی مصروفیات سے رخصت کے بعد راہول گاندھی کچھ زیادہ بولنے اور گھومنے لگے ہیں لیکن وہ مودی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا ہیکہ 56 روزہ طویل رخصت کے بعد راہول گاندھی نے عوام سے خطاب اور دورے شروع کئے ہیں جس سے کانگریس کارکنوں میں اعتماد بحال ہوسکا ۔ تاہم اب یہ سوال اٹھتا ہیکہ ان کی از سرنو توانائی نریندر مودی کی عظیم لہر کے آگے کب تک برقرار رہیگی ۔ کولگیٹ اور 2Gاسپکٹرم اسکامس کا تذکرہ کرتے ہوئے سینا نے الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں نقد رقم سے بھرے سوٹ کیس ہاتھوں میں تبدیل ہوتے تھے اور نریندر مودی یہ کہنے میں حق بجانب ہیکہ سوٹ کیس کی حکومت سے کہیں زیادہ سوٹ بوٹ کی سرکار بہتر ہے ۔ سامنا کے اداریہ میں کہا ہیکہ سوٹ تو ایک عمدہ لباس ہے جو کہ ساری دنیا میں زیب تن کیا جاتا ہے لیکن بدسلیقہ سے لباس زیب تن کرنے کے باعث ملک کا امیج بہتر نہیں ہوسکتا اور ملک کے عوام نریندر مودی کی شکل میں ایک نئی تبدیلی محسوس کررہے ہیں اور ہندوستانی عوام سوٹ پہن کر اعتماد اور فخر کے ساتھ ساری دنیا میں گھوم رہے ہیں جو کہ ہمارے عوام کی خوشحالی کا غماز ہے ۔