پانچ سال کی عاشقی قتل میں تبدیل، قاتل گرفتار ، پولیس کی بروقت کارروائی
حیدرآباد۔/11مئی، ( سیاست نیوز) 5 سال سے عاشقی اور شادی سے انکار پر قتل کی سنگین واردات میں ملوث قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 10مئی کو پرگتی ریسارٹ میں کاٹیج نمبر 11 کے باتھ روم میں قتل کردی گئی 21سالہ سریشا کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 22 سالہ سائی پرساد ساکن تما پور پولیس کی گرفت میں ہے جس نے اس کی محبوبہ کا مبینہ طور پر گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کنور ضلع رنگاریڈی علاقہ کی ساکن سریشا دلسکھ نگر کے ایک انسٹی ٹیوٹ میں بینک ملازمت کیلئے تربیت حاصل کررہی تھی۔10مئی کو روزانہ کے معمول کی طرح لڑکی گھر سے انسٹی ٹیوٹ کیلئے روانہ ہوئی جو واپس نہیں آئی۔ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے انہیں شنکر پلی پولیس سے اطلاع ملی اور فوری پولیس سے رجوع ہونے کیلئے کہا گیا جیسے ہی سریشا کے رشتہ دار پولیس کے ساتھ پرگتی ریسارٹس پہنچے وہاں کاٹیج نمبر گیارہ کے باتھ روم میں سریشا کی نعش پڑی ہوئی تھی جس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ اس لڑکی کے رشتہ داروں نے پولیس کو بتایا کہ سائی پرساد پر انہیں شبہ ہے چونکہ یہ لڑکا ان کی لڑکی سے شادی کی ضد کررہا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ سال سے پرساد سریشا سے محبت کرتا تھا اور شادی کرنا چاہتا تھا لیکن سریشا کے گھر والے اس پر راضی نہیں تھے اور سریشا نے بھی شادی سے انکار کردیا تھا۔ گزشتہ چند روز سے بدلہ لینے کیلئے پرساد نے سریشا کو یقین دلایا کہ وہ بدل چکا ہے اور 10مئی کو اس نے سریشا کو شمس آباد طلب کیااور آن لائن کاٹیج بک کروایا اوردونوں پرگتی ریسارٹس شنکر پلی چلے گئے۔ اس مقام پر بھی پرساد نے شادی کیلئے ضد کیا تاہم لڑکی کی جانب سے انکار پر اس نے باتھ روم میں اس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس نے اس قاتل کو گرفتار کرلیا۔