ریزروبنک پر منفی تبصرہ کیلئے جیٹلی معافی مانگیں :کانگریس

نئی دہلی۔30 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے مودی حکومت پر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے کام میں دخل اندازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی مرکزی بینک کے طریقہ کار پر حملہ کرکے اس کی اہلیت پر سوال اٹھا رہے ہیں اور ا سکے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منگل کو منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ مودی حکومت کی کوشش منصوبہ طریقہ سے شروع سے ہی مرکزی تفتیشی بیورو ۔سی بی آئی، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ۔ ای ڈی ، سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکس جیسے خودمختار اور غیرجانبدار اداروں کو سرکاری محکمہ سمجھ کر اس میں مداخلت کرنے کی ہے اور ان اداروں کو خودمختاری کو کمزور کررہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اب اس کے نشانہ پر آر بی آئی کی خودمختاری ہے ۔ حکومت اب مرکزی بینک کی مدرا پالیسی، ادائیگی کے ضابطے اور غیرمالیاتی اداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے آر بی آئی کے کام میں مداخلت کرکے اسے کمزور کرنا چاہتی ہے ۔ ریزرو بینک کے ہر کام میں مرکزی حکومت مداخلت کرنا چاہتی ہے اور مودی حکومت کی یہ کوشش بینک کی خودمختاری کے لئے اچھی نہیں ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اسی کوشش میں جیٹلی نے ریزرو بینک کی اہلیت پر سوال اٹھایا ہے اور کہا کہ اس کے کام کاج کے طریقہ سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔