زیرزمین پانی حاصل کرنے میں کسانوں کو مشکلات :سدرشن ریڈی
بودھن۔ 21 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر مسٹر پی سدرشن ریڈی نے یہاں بودھن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ٹھیکہ دار تلنگانہ علاقہ میں داخل ہوکر مانجیرہ ندی سے غیرمجاز ریت کی نکاسی کرنے کے باعث حلقہ اسمبلی بودھن کے سرحدی گاؤں میں کسانوں کو زیرزمین پانی حاصل کرنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندی میں حد سے زیادہ کھدوائی کرنے کی وجہ سے سرحدی مواضعات کے بورویلس خشک ہوچکے ہیں۔ ناکافی بارش اور خشک بورویلس کی وجہ سے علاقہ تلنگانہ کے کسان پریشان ہیں۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ ریت کی غیرمجاز منتقلی اور کسانوں کی حالت زار جانتے ہوئے بھی مقامی ایم پی محترمہ کویتا اور ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی خاموشی معنی خیز بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں قائدین کو اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کسانوں کے مسائل کی یکسوئی اور ریت کی غیرمجاز منتقلی سے حکومت تلنگانہ کو ہونے والے مالی نقصان کے سلسلے کو بند کرنا ہوگا۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان پریشان حال اور سرکاری آمدنی متاثر ہوتی رہے تو پھر چیف منسٹر کا سنہرا تلنگانہ کا خواب کس طرح پورا ہوگا۔ مسٹر سدرشن ریڈی نے یہاں بودھن پہونچنے سے پہلے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناندیڑ پہونچ کر وہاں کے ضلع کلکٹر مسٹر سریش کاکانی سے ملاقات کرکے مہاراشٹرا علاقہ میں واقع ریت کے علاقہ مچنور کی صحیح صورتحال پیش کرتے ہوئے بتایا نے ناندیڑ کلکٹر کویتا یا موضع مچنور میں ریت کا ذخیرہ کبھی کے ختم ہوچکا۔ منچور سے منتقل تلنگانہ کے علاقہ کی ریت ندی سے نکالنے کی وجہ سے علاقہ تلنگانہ میں زیرزمین پانی کی سطح میں کمی واقع ہورہی ہے۔ مسٹر ریڈی کے ساتھ ناندیڑ پہونچنے والے وفد میں ضلع صدر کانگریس جناب طاہر بن ہمدان سابق صدر جی گنگا دھر سابق چیرمین مارکٹ کمیٹی نظام آباد ناگیش ریڈی بودھن ایم پی پی گنگا شنکر رکن زیڈ پی ٹی سی سرینواس گوڑ سوسائٹی چیرمین انتا ریڈی، راجی ریڈی اور کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے سرپنچ و کسان وفد میں شامل تھے۔