ویمنس کالج سنگاریڈی میں ایس پی بی سمتی کا خطاب
سنگاریڈی ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی سمتی ایس پی ضلع میدک نے سنگاریڈی ویمنس ڈگری کالج میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے ضلع میدک میں امن و ضبط کی برقراری کے لیے ہر طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں ۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہیں زندگی کے شعبہ میں آسانیاں ہوں گی ۔ اکثر کالجس میں ریاگنگ کے نام پر چھیڑ چھاڑ کی شکایتیں وصول ہوتی ہیں جس سے طلباء وطالبات کی تعلیم متاثر ہوتی ہے ۔ اس طرح کے حرکتوں سے گریز کیا جائے خواتین پر ظلم و ستم کے واقعات ہوں تو فوری پولیس سے رجوع ہوں ۔ پولیس کارروائی کرے گی ۔ عوام اور خواتین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک کے ذمہ دار شہری بنیں اور کوئی بھی واقعہ پیش آئے تو فون نمبر 100 پر کال کریں ۔ اس موقع پر راجیشور راؤ ضلع ڈی ای او ، انجینلو سرکل انسپکٹر ، وینو گوپال ، سدھاکر پرنسپل جونیر کالج ، سمیرا و دیگر موجود تھے ۔ ایس پی ضلع میدک بی سمتی نے پولیس ڈپارٹمنٹ کے ایک علحدہ اجلاس میں کانسٹبلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے شکایات وصول ہوتے ہی امن و امان کی برقراری کے لیے سعی کریں ۔ پولیس اسٹیشنوں میں درخواست گذاروں سے اخلاق سے پیش آئیں ۔ عوام اور پولیس کے درمیان بہتر تال میل ہونا چاہئے ۔ جس کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں کارگذار کانسٹبلس سے بھی بات چیت کی ۔۔