ریاض ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں دو ملازمین پولیس کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ دارالحکومت ریاض میں آج پٹرولنگ میں مصروف تھے۔ دو ہفتے سے بھی کم مدت کے دوران پولیس کو شوٹنگ کا نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ دارالحکومت کے مشرقی ضلع میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہ واقعہ پیش آیا جس کی ایک پولیس ترجمان نے توثیق کی اور کہا کہ ’’سیکوریٹی پٹرول پارٹی مشرقی ریاض میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف تھی کہ ایک نامعلوم گاڑی میں سوار افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا‘‘۔ ریاض میں 29 مارچ کو بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں دو ملازمین پولیس زخمی ہوگئے تھے، لیکن آج کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جس سے صرف دو دن قبل وزیرداخلہ پرنس محمد بن نائف نے حکم دیا تھا کہ ملک گیر سطح پر سیکوریٹی انتظامات کو سخت ترین بنایا جائے کیونکہ مملکت سعودی عرب اپنے پڑوسی ملک یمن میں شیعہ باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کی قیادت کررہا ہے۔ سعودی عرب بھی امریکہ کی زیرقیادت اس اتحاد کا ایک حصہ ہے جو عراق اور شام کے بڑے حصوں پر قبضہ کرلینے والے جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہا ہے۔