پوسٹ گرائجویٹ بیروزگاروں اور ہوم گارڈس کیلئے اسکیم کا اعلان
چندی گڑھ۔31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کی ایک سال طویل گولڈن جوبلی تقاریب جو کہ کل سے شروع ہوگی کے پیش نظر بی جے پی حکومت نے آج سماج کے مختلف طبقات بشمول پوسٹ گرائجویٹ بیروزگاروں، سابق فوجیوں، ہوم گارڈس اور سماجی تحفظ کے وظیفہ یابوں کیلئے فلاحی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر منوہر لال کھر نے بتایا ہے کہ گولڈن جوبلی سال ریاست کے لئے ایک اہم سال ہے۔ اس سال کے دوران ہماری حکومت بھی نصف میعاد مکمل کرلے گی۔ چونکہ 5 سالہ میعاد کے دوران وسط مدت (مڈٹرم) کلیدی اہمیت کا ہوتا ہے جس کے دوران بیشتر کاموں کو انجام دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ گولڈن جوبلی سال کے دوران ریاستی حکومت وظیفہ یابوں کے لئے خصوصی ادائیگیوں کے لئے رقم منظور کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سالہ طویل تقاریب کل سے گروگرام کے مقام پر شروع ہوں گی اور افتتاحی تقریب میں وزیراعظم مسٹر نریندر مودی مہمان خصوصی ہوں گے۔ واضح رہے کہ ہریانہ کی تشکیل یکم نومبر 1966 ء کو عمل میں آئی تھی اور ریاست اب 50 سالہ جشن منارہی ہے۔ چیف منسٹر کے یہ اعلان کیا کہ پوسٹ گرائجویٹ بیروزگاروں جو کہ ایمپلائمنٹ اکسچینج میں رجسٹرڈ ہیں۔ ماہانہ 100 گھنٹے کام کی ایک اسکیم وضع کی گئی ہے جس کے تحت انہیں 9000 روپئے مشاہیرہ ادا کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں خانگی شعبہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔ مذکورہ اسکیم کا نام ’’شکشت یووا سمانیت کوا‘‘ رکھا گیا۔ اگرچہ کہ ہریانہ میں 30 ہزار بیروزگار پوسٹ گرائجویٹس ہیں لیکن 11 ہزار نوجوان ہی ایمپلائمنٹ ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہیں۔ علاوہ ازیں ہوم گارڈ کی یومیہ اجرت میں 300 روپئے سے 572 روپئے اضافہ کردیا جائے گا۔