مزید چند جماعتوں کی شمولیت کا بھی امکان ۔ نشستوں کی تقسیم کو انتخابی اعلامیہ سے قبل قطعیت
حیدرآباد 29 ستمبر ( پی ٹی آئی ) کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جناسمیتی کے مجوزہ عظیم اتحاد کا ایک مشترکہ ایجنڈہ ہوگا ۔ یہ جماعتیں مجومہ اسمبلی انتخابات کیلئے ایک اتحاد تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنا ایک مشترکہ ایجنڈہ پیش کرینگی ۔ چاروں جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ یہاں ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں اقل ترین مشترکہ پروگرام کے بشمول کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس کے علاوہ انتخابات کی بنیادی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد آئندہ دو تا تین دن میں مشترکہ ایجنڈہ کو قطعیت دیدیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ان جماعتوں کے مابین نشستوں کی تقسیم پر بات چیت نہیں ہوئی ہے اور اس کو انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ تمام سیاسی جماعتوں کا اپنا منشور ہوگا اس لئے مشترکہ ایجنڈہ تیار کیا جا رہا ہے جس پر وسیع تر اتفاق رائے کی کوشش کی جائیگی ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس صدر نے ادعا کیا کہ آئندہ چند دنوں میں مزید کچھ جماعتیں اس عظیم اتحاد میں شامل ہوسکتی ہیں۔ عظیم اتحاد قائدین کا پیر کو پھر اجلاس ہوگا ۔ تلنگانہ تلگودیشم صدر ایل رمنا ‘ سی پی آئی ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ‘ ٹی جے ایس لیڈر ایم کودنڈا رام نے بھی بات چیت میںشرکت کی ۔