ریاست میں برقراری امن حکومت کی اولین ترجیح

کریم نگر ۔/28جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت ریاست میں نظم و نسق اور امن وامان کی برقراری کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور حکومت اس نقطہ نظر کے تحت برقراری امن و تحفظ کے لئے درکار فنڈس مختص کررہی ہے۔ حکومت تلنگانہ کے اقتدار میں ہر طبقہ کی جان ومال کی حفاظت کے لئے300کروڑ روپئے مختص کردیئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے یہاں پریڈ گراؤنڈ پر مسلح پولیس کیلئے 370بولیرو موٹر گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھاکر آغاز کیا اور ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریاست تلنگانہ کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے اور اس کو ایک مثالی ریاست بنانے کیلئے تمام کوششیں اور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس کی ترقی، اصلاحات، عصری سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں ہر پولیس اسٹیشن کو عصری سہولتوں سے لیس کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 370 بولیرو گاڑیوں کی پولیس کو حوالگی کا مقصد حادثات کے موقع پر پولیس ان گاڑیوں کے ذریعہ بروقت مقام حادثہ پر پہنچ جائے گی اور ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔