کوہیر میں ٹی آر ایس لیڈر محمود علی کا ادعا
کوہیر۔/4اپریل،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نئی ریاست تلنگانہ کی ترقی صرف اور صرف چندرشیکھر راو صدر ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔ جناب محمد محمود علی ایم ایل سی نے کوہیر منڈل مستقر میں واقع قدیم بس اسٹانڈ پر منعقدہ ایک انتخابی جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹی آر ایس کی 14سال کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا۔ جس کے لئے باضابطہ اعلان 2جون کو کیا جائے گا۔ سیما آندھرا کی سامراج نے علاقہ تلنگانہ کو ہر محاذ میں پسماندہ کردیا ہے جس کی تعمیر نو کے لئے کے سی آر کو ریاست کا چیف منسٹر بننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ چندر شیکھر راؤ نے اپنے منشور میں جو وعدے کئے ہیں وہ اس پراٹل ہیں۔ ریاست کا ڈپٹی چیف منسٹر مسلمان ہوگا اور مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات ضرور ملیں گے اور ضعیف افراد کو ہر ماہ ایک ہزار روپئے وظیفہ دیا جائے گا ۔ کوہیر منڈل کو حلقہ اسمبلی کا درجہ دیا جائے گا اور ہر بے گھر کو 120گز زمین الاٹ کرتے ہوئے لاکھ روپئے منظور کئے جائیں گے، پانچ سال میں دو لاکھ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے تلگودیشم اور کانگریس پارٹی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 60سال سے مسلمانوں اور دلتوں کو ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا گیا اور مسلمانوں کو تباہ کردیا گیا ، محلوں میں رہنے والے مسلمان سڑکوں پر آگئے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے قوم کیلئے جو قیمتی جائیدادیں وقف کی تھیں انہیں تباہ کردیا گیا۔ آج مسلمان معمولی معمولی کام کرنے پر مجبور ہیں کوئی آٹو رکشا چلارہا ہے تو کوئی ترکاری فروخت کررہے ہیں ۔ مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں آگے آنے کی ضرورت ہے، اس لئے ہر منڈل سطح پر ایک ڈگری کالج قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کے مسائل ضرور حل ہوں گے۔ انہوں نے زیڈ پی ٹی سی امیدوارہ محترمہ فرزانہ بیگم کو اور کوہیر منڈل کے جملہ 16ایم پی ٹی سی امیدواروں کو کامیاب بنانے اپیل کی۔ اس موقع پر سید منیر الدین اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سی آر چیف منسٹر بنانے کے بعد کوہیر منڈل کومنڈل بنایا جائے گا اور کوہیر میں کارپوریٹ ہاسپٹل کی سہولت مہیا کروائی جائے گی۔ کانگریس دور اقتدار میں مسلمان تعلیمی معاشی حالت سے تباہ ہوگئے ہیں ۔ جلسہ کو پی سدھاکر ایم ایل سی نے بھی مخاطب کیا۔ اس کے علاوہ محمد شاہد ایم پی ٹی سی وارڈ نمبر ایک نے بھی مخاطب کیا۔ سید معز الدین نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ اس موقع پر محمد عبدالنبی ٹاؤن صدر ٹی آر ایس کا کوئی ظہیرآباد کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔