ریاستی و مرکزی حکومتیں قیمتوں پر کنٹرول میں ناکام

کرنول میں احتجاجی دھرنا سے سی پی ایم سکریٹری ڈی غوث کا بیان
کرنول۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں جس سے درمیانی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کا زندگی بسر کرنا بہت مشکل ہورہا ہے۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت ضروری اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سی پی ایم پارٹی کے سکریٹری ڈی غوث  نے کلکٹریٹ آفس کے روبرو دھرنا دینے والوں سے مخاطب ہوکر کہا۔ انہوں نے ریاستی تلگودیشم حکومت اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری حکومت ضروری اشیاء کی قیمتیں کم کرے ورنہ سی پی ایم پارٹی عوام کے ساتھ مل کر احتجاج میں شدت پیدا کردے گی۔ اس دھرنا میں اکھل بھارت پرجا تنترا مہیلا سنگم کے ریاستی سکریٹری نرملااماں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  ریاستی اور مرکزی حکومت یعنی بی جے پی قائدین اقتدار سے پہلے انتخابات کے وقت ضروری اشیاء کی قیمتیں کم کرنے اور اچھے دن آنے اور لانے کی وعدہ کئے تھے مگر اقتدار میں آکر 15ماہ گذر گئے مگر کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ 15ماہ میں ضروری اشیاء کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے بڑھتی جارہی ہیں کیا یہی اچھے دن ہیں جس کی وجہ سے درمیانی طبقہ کے عوام پریشان ہیں اور تلگودیشم قائدین اپنی کمائی میں اضافہ کرتے ہی جارہے ہیں۔ اگر ایسا ہی رہا تو تلگودیشم پارٹی کاآئندہ انتخابات میں نام و نشان نہیں رہے گا۔ اس پروگرام میں راج شیکھر، راموڈو، ناگ راجو، وجئے، شریف، نرسمہلو، وینکٹیشورلو، رشید وغیرہ موجود تھے۔