ریاستی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام

کریم نگر ۔ 21نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی جے پی حکومت عوام مخالف طرز عمل اپناتے ہوئے کارپوریٹ اداروں ‘ صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سرمایہ داری نظام کے استحکام کیلئے کوشش کررہی ہے ۔ سی پی آئی ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ۔ کریم نگر یدم یلاریڈی بھون میں سی پی آئی ضلع ارکان عاملہ کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت ایس کمار نے کی ۔ وینکٹ ریڈی نے مزید کہا کہ سرمایہ داروں کو سبسیڈی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے‘ حوصلہ افزائی کرتے ہوئے غریب طبقات‘ تجارتی اداروں کے ساتھ منصوبہ بند طریقہ سے سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حصول اراضی میں زبردستی کسانوں کی زمین حاصل کی جارہی ہیں جو سراسر ناانصافی ہے ۔تلنگانہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدے بھول چکی ہے ۔ ریاست میں 410 کسانوں نے خودکشی کرلی اور ان کے خاندان کو کوئی مدد نہیں کی گئی ۔ اس اجلاس میں سی پی آئی ضلع سکریٹری ایم نارائنا ‘ جوائنٹ سکریٹری کوشی ریڈی ‘رام گوپال ریڈی ‘ بھکشا پتی ‘ شوبھا رانی ‘ اے سوامی وغیرہ شریک تھے ۔