میڈرڈ۔24 فبروری(سیاست ڈاٹ کام )اسپین کے فٹبال ٹورنمنٹ لا لیگا میں ریئل میڈرڈ کی ٹیم تیسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ دوسرے درجے کی ٹیم لیگانیس کے خلاف میچ کے دوران خسارے میں جانے کے بعد ریئل میڈرڈ کھیل میں واپس آئی اور ایک کے مقابلے میں 3گول سے کامیابی حاصل کی۔کرسٹیانو رونالڈو نے اس میچ میں شرکت نہیں کی۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہو ئے مقابلے میں ریئل میڈرڈ کو اس وقت دھکا لگا جب حریف کھلاڑی یونائی بسٹینزا نے چھٹے ہی منٹ میں گول کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی تاہم ریئل میڈرڈ کے لوکاس ویزکز نے5 منٹ کے بعد ہی میچ برابر کردیا جبکہ 29 ویں منٹ میں کیسیٹیرو نے ریئل میڈرڈ کو برتری دلائی۔ دوسرا ہاف بغیر کسی گول برابر کھیلا جارہا تھا کہ آخری منٹ میں میزبان ٹیم کو پنالٹی کک ملی جسے رونالڈو کی عدم موجودگی میں کپتان سرگیو راموس نے گول میں بدلتے ہوئے مقابلہ3-1کردیا۔ اسی اسکور پر میچ بھی اختتام کو پہنچا اور اب ریئل میڈرڈ نشانات کے جدول میں تیسرے نمبر پر آچکی ہے۔ ریئل میڈرڈ اب بھی اپنی روایتی حریف بارسلونا سے14نشانات پیچھے ہے۔بارسلونا اس مرتبہ یہ لیگ جیتنے کے لئے پسندیدہ ٹیم سمجھی جا رہی ہے۔