رہزنی اور سرقہ کرنے والی ٹولیاں گرفتار

مسروقہ گاڑیاں ضبط ، ڈی سی پی ویسٹ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) ویسٹ زون پولیس نے رہزنی ، سرقہ اور قیمتی کاروں کے سرقہ میں ملوث دو ٹولیوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 46 لاکھ مالیتی مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر ایم وینکٹیشور راؤ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجہ گٹہ پولیس نے دھوکہ دہی کے ذریعہ کاروں کا سرقہ کرنے والی تین رکنی ٹولی کو گرفتار کیا ہے ۔  انہوں نے بتایا کہ 32 سالہ محمد شریف ساکن ٹولی چوکی ، 36 سالہ محمد ذاکر شریف ساکن دبیر پورہ اور 55 سالہ نور محمد ساکن دانما جھونپڑی  میر عالم ٹینک ، فینانس ایجنسیوں کے ذریعہ ماہانہ اقساط پر پیشگی رقم ادا کرکے کاریں حاصل کیا کرتے تھے اور بعد ازاں اپنا پتہ اور موبائیل نمبر بدلتے ہوئے کاروں کے ساتھ غائب ہوجایا کرتے تھے ۔ مذکورہ دھوکے باز ایسے کار مالکین سے گاڑیاں خریدتے تھے جو فینانس پر خریدی ہوئی ہوتی ہیں ۔ کاریں حاصل کرنے کے بعد وہ فینانس کی بقیہ رقم ادا نہیں کرتے تھے اور وہ انشورنس کمپنی سے حادثہ کا شکار گاڑیوں کو خرید کر اس کے دستاویزات کے ذریعہ مسروقہ کاروں کے انجن و چیشی نمبر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اسے تبدیل کیا کرتے تھے ۔ اتنا ہی نہیں مسروقہ کاروں کے رنگ بھی بدل دیتے ۔ پنجہ گٹہ پولیس نے ٹولی چوکی کے ساکن محمد یحییٰ خان ملازم محکمہ پنچایت راج کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کیس کی تحقیقات کے دوران مسروقہ تین دھوکے بازوں کی جانب سے چلائے جارہے ریاکٹ کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے بتایا کہ کیاپ ڈرائیور سے کار چھین لینے کے واقعہ میں ملوث تین ملزمین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 26 سالہ طالبعلم مستعفی خان ساکن امان نگر ، 22 سالہ عبدالسمیع ساکن پرانی حویلی اور 26 سالہ محمد اکبر نے /8 جولائی 2013 ء کو گلبرگہ سے حیدرآباد انووا کار میں سفر کررہے تھے اور ضلع میدک کے علاقہ رینی چیرو پہونچنے پر مذکورہ نوجوانوں نے کار ڈرائیور چیناویرا سے کار چھین کر فرار ہوگئے ۔ مسروقہ انووا کار کو ذاکر نامی نوجوان کو فروخت کی گئی تھی اور اس کار کا رجسٹریشن نمبر تبدیل کرتے ہوئے راما کرشنا کو فروخت کردی گئی تھی جس کا رجسٹریشن سدی پیٹ آر ٹی او آفس میں ہوا ۔ پنجہ گٹہ پولیس نے دونوں ٹولیوں کے قبضے سے 7 مسروقہ کاریں اور دیگر اشیاء جس کی مالیت 46 لاکھ ہے برآمد کرلی ۔    ایس آر نگر پولیس نے موٹر سائیکلوں کے سرقہ میں ملوث ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 8 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 33 سالہ بھنور لال دیواسی جس کا تعلق بھیم گڑھ راجستھان سے ہے ۔  وہ اکثر پارک کی ہوئی موٹر سائیکلوں کو نشانہ بناتے ہوئے حیدرآباد اور سائبر آباد حدود میں 8 موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ نقلی چابیوں کے ذریعہ بھنور لال موٹر سائیکل کھول کر سرقہ کیا کرتا تھا اور بعد ازاں انہیں فروخت کرتے ہوئے حاصل کی گئی رقم سے گھوڑے کی ریس میں لٹاتا تھا ۔ ایس آر نگر پولیس کی ٹیم نے انسپکٹر محمد وحید الدین کی نگرانی میں مسروقہ سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ اس کے قبضے سے ہیرو ہونڈا ایکٹیوا ، سی بی زیڈ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں ۔