حیدرآباد /29 جون ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم اور سنتوش نگر پولیس کی مشترکہ کارروائی نے تین بین ریاستی عادی رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ۔ پولیس کے بموجب سید افروز علی اپنے دو ساتھیوں ساد عظیم احمد الدین عرف لمبو عزیم اور محمد پاشاہ عرف سمیر کی مدد سے پارک کی ہوئی گاڑیوں کو نقلی چابیوں کی مدد سے کھول کر ان کا سرقہ کیا کرتے اور بعد ازاں ان مسروقہ موٹر سائیکلوں کو رہزنی میں استعمال کرتے تھے ۔ گرفتار ملزمین راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑا لیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی کی جملہ 7 وارداتیں انجام دی تھیں جن میں حیدرآباد اور ضلع محبوب نگر بھی شامل ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمین دن کے اوقات قفل شکنی کے ذریعہ مکانات میں سرقے کیا کرتے تھے ۔ تین ماہ قبل جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگئے اور پرتعیش زندگی بسر کرنے کیلئے رہزی سے حاصل کردہ رقم کا استعمال کیا کرتے تھے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے 13 تولے طلائی زیورات دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ۔