رہانے کی سنچری رائیگاں، دہلی کامیاب

جئے پور۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل2019 کے 40 ویں مقابلہ میں دہلی کیپٹلس نے راجستھان کو اسی کے گھریلو میدان پر چھ وکٹ سے شکست دی ہے۔ راجستھان نے دہلی کیپٹلس کو 192 رنوں کا بڑا ہدف دیا تھا ، لیکن مہمان ٹیم نے ریشبھ پنت کے ناٹ آوٹ 78 رنز اور شکھر دھون کی 54 رنوں کی اننگز کی بدولت 19.2 اوورس میں ہدف کو حاصل کرلیا۔ پنت اور دھون کے علاوہ پرتھوی شا نے بھی 42 رن بنائے۔ انہوں نے پنت کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے 84 رنوں کی اہم شراکت داری کی۔ راجستھان کیلئے گوپال نے دو اور دھول کلکرنی اورریان پراگ نے فی کس ایک وکٹ لئے۔ ہدف کے تعاقب میں اتری دہلی کی شروعات کافی دھماکہ دار رہی اور پہلے چھ اوورس میں انہوں نے 59 رن بناڈالے۔ اس کے بعد دھون نے 25 گیندوں میں اپنی نصف سنچری پوری کی۔ حالانکہ راجستھان کیلئے لیگ اسپنرگوپال نے 54 رن پر ان کا کھیل ختم کردیا۔ دہلی کے کپتان سریش ایر بھی چار رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دو وکٹ گرنے کے بعد دہلی کی اننگز کو پرتھوی شا اور ریشبھ پنت نے سنبھالا۔ ریشبھ پنت نے 26 گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔ حالانکہ پرتھوی شا نصف سنچری سے چوک گئے اور 42 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس سے پہلے راجستھان کیلئے رہانے نے سنچری بنائی۔ انہوں نے 63 گیندوں میں ناٹ آوٹ 105 رن بنائے۔ یہ رہانے کی آئی پی ایل میں سب سے اچھی کارکردگی ہے۔ رہانے نے آئی پی ایل میں دوسری مرتبہ سنچری بنائی ہے۔ رہانے کے علاوہ کپتان اسمتھ نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ راجستھان کیلئے رہانے اور اسمتھ نے دوسرے وکٹ کیلئے 75 گیندوں میں 130 رنوں کی شراکت داری۔ بنی نے 19 رن بنائے۔ دہلی کی جانب سے ربادا نے دو اور اکشر پٹیل ، ایشانت شرما اور کرس مورس نے فی کس ایک وکٹ لئے۔