رہانے سنچری سے محروم لیکن شکیب نے سنچری بنالی

فتح اﷲ ۔ 12 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اوپنرس شکھر دھون اور مرلی وجئے کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے بننے والے 283 رنز کی بدولت ہندوستان نے یہاں میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جارہے بارش سے بری طرح متاثرہ واحد ٹسٹ کے تیسرے دن 6 وکٹوں کے نقصان پر462 رنز بنالئے ہیں۔ آج اوپنرس کی سنچریوں کے علاوہ ہندوستانی نوجوان بیٹسمین اجنکیا رہانے کی سنچری سے محرومی کے علاوہ میزبان آل راؤنڈر شکیب الحسن کے اپنے وطن میں 100 وکٹیں مکمل ہونے کا مظاہرہ نمایاں رہا۔ دن کے اختتام پر روی چندرن اشون 2 رنز اور ہربھجن سنگھ 7 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں لیکن آج کا دن بھی بارش سے متاثر رہا جیسا کہ کھیل کا آخری سیشن مکمل طورپر بارش کی نذر ہونے کے علاوہ کھانے کے وقفہ کے بعد بھی مقابلہ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا حالانکہ آج کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے پہلے کیا گیا تھا ۔ بنگلہ دیش کوپہلی وکٹ اُس وقت ملی جب شکیب الحسن نے شکھر دھون کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا اس موقع پر ہندوستان کا اسکور 283 رنز تھا اور محض 6 رنز کی کمی سے ہندوستانی اوپننگ جوڑی مارچ 2013 ء میں آسٹریلیا کیخلاف بنائے جانے والے 289 رنز کی برابری نہ کرسکے اور یہ وہ مقابلہ تھا جس میں دھون نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ دھون نے 173 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ 8 رنز کے اضافہ کے بعد بنگلہ دیش کو ایک اور کامیابی حاصل ہوئی

جبکہ روہت شرما 6 رنز بناکر شکیب الحسن کا دوسرا شکار بنے ۔ 150 رنز کی تکمیل کے بعد مرلی وجئے بھی اسکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش میں شکیب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ رہانے 2 رنز کی کمی سے سنچری سے محروم رہے کیونکہ وہ تیزی کے ساتھ مجموعی اسکور میں اضافہ کررہے تھے اور شکیب الحسن کی ایک شارٹ پچ گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے ۔ رہانے جہاں سنچری سے محروم رہے وہیں ان کی وکٹ حاصل کرتے ہوئے شکیب نے بنگلہ دیش میں اپنے 100 وکٹ مکمل کرلئے ہیںجبکہ مقابلے میں مجموعی طورپر وہ 105 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔ 28 مقابلوں میں شکیب نے بنگلہ دیش میں 101 وکٹ مکمل کرلئے ہیں جبکہ مجموعی طورپر وہ 39 ٹسٹ مقابلوں میں 142 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ہندوستان کیلئے آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ویراٹ کوہلی نے 14رنز اور مہندر سنگھ دھونی کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے وکٹ کیپر بیٹسمین وردھمان ساہانے 6 رنز اسکور کئے ۔ ایک جانب جہاں شکیب الحسن شاندار بولنگ کرتے ہوئے وکٹیں حاصل کررہے تھے وہیں لیگ اسپنر زبیر حسین نے بھی ویراٹ کوہلی کے علاوہ ساہا کو ایک انتہائی بہترین گیند پر بولڈ کیا ۔ بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم نے 80 اوورس ہوجانے کے بعد بھی نئی گیند کا استعمال نہیں کیا کیونکہ مقابلے کے تیسرے ہی دن وکٹ اسپنرس کیلئے سازگار ہوچکی ہے ۔ دریں اثناء بارش سے مسلسل متاثر ہورہے اس مقابلے میں نتیجے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔