بی گنیش گپتا نے صدر مارکٹ کمیٹی کیلئے 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا: ای ایس پوشٹی
نظام آباد :18؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ٹی آر ایس پارٹی کے فائونڈر ممبر و پولیٹ بیورو رکن اے ایس پوشٹی نے آراینڈ بی گیسٹ ہائوز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن اسمبلی نظام آباد ( اربن ) مسٹر بیگالہ گنیش گپتا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گنیش گپتا نے پارٹی کے عہدوں کو فروخت کیا ہے ،نظام آباد مارکٹ کمیٹی کے صدر کیلئے ان سے 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا 50 لاکھ روپئے نہ دینے کی صورت میں تلگودیشم سے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرنے والے شخص کی اہلیہ کو صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی کی حیثیت سے نامزد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے پر واضح طور پر اس بات سے واقف کروایا گیا تھا کہ وہ ٹی آرایس پارٹی کے فائونڈر ممبر ہیں اور علیحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں اہم رول ادا کیا تھا۔اے ایس پوشٹی نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد عہدوں کی فراہمی کیلئے روپئے طلب کرنا سراسر غلط ہے ۔ ٹی آرایس فائونڈر ممبروں کا یہ حال ہے تو عام کارکنوں کا کیا حال ہوگا ۔ رکن اسمبلی گنیش گپتا پر لگائے ہوئے سنگین الزام پر قائم رہتے ہوئے مسٹر پوشٹی نے کہا کہ اگر یہ بات جھوٹ ہے تو کسی بھی مندر میں آکر قسم کھالیں تو میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلونگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کروڑوں روپئے کے ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں اور ان کاموں میں زبردست دھاندلیاں کی جارہی ہیں ۔ رکن اسمبلی کمیشن حاصل کررہے ہیں اور شہر میں اپارٹمنٹ کی تعمیر میں بھی کروڑوں روپئے کی ہیرا پھیری کررہے ہیں انہوں نے اس بات پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بات جھوٹ ہے تو کوئی بھی مندر میں آکر قسم کھالیں ۔