نارائن پیٹ۔/18 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ایس راجندر ریڈی نو منتخبہ رکن اسمبلی نارائن پیٹ نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ان کے سکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں ٹی آر ایس کی فقید المثال کامیابی اور انتخابات کے موقع پر اپنے کئے گئے وعدہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دینے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رکن اسمبلی نارائن پیٹ سے مابعد انتخابات سیاسی صورتحال اور نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دیئے جانے کیلئے درکار سہولیات کی فراہمی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر ایس راجندر ریڈی رکن اسمبلی نے بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے ماتحت سکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماقبل پنچایت راج انتخابات نارائن پیٹ اور ملگ کو ضلع کا درجہ دینے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کا آغاز کردیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تاخیر کی صورت میں انتخابات کے بعد کم از کم این دو اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ باخبر ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی اضلاع کی تشکیل بہر صورت کردی جائے۔