رچرڈسن اسٹنگ آپریشن کی مکمل تحقیقات کے خواہاں

دبئی۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن حالیہ ’’اسٹنگ آپریشن‘‘ کی مکمل تحقیق کیلئے کوشاں ہیں لیکن دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے کہ عرب ٹی وی حکام نے گورننگ باڈی سے فوری ملاقات قبل از وقت قرار دے دی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ رواں ہفتے فریقین لندن میں مل بیٹھ کر اس بات پر مذاکرات کریں کہ الجزیرہ ٹی وی نے میچ فکسنگ سے متعلق جو پروگرام نشر کیا اس کا غیر ایڈٹ شدہ ورژن آئی سی سی کو فراہم کیا جائے تاہم عرب ٹی وی کے ترجمان نے فی الحال ایسے کسی بھی اجلاس کو قبل از وقت قرار دے دیا کیونکہ ہندوستان اور سری لنکا میں اس حوالے سے تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور قانونی مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے اپنے پالیسی بیان میں واضح کیا ہے کہ انہوں نے الجزیرہ ٹی وی سے کرکٹ میں بدعنوانی سے متعلق تمام مواد طلب کیا تھا جس کی بنیاد پر مکمل اور شفاف تحقیق کی جائے گی اور سامنے آنے والے تمام الزامات کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے گا جن کی جانب پروگرام میں توجہ دلائی گئی ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ ان تمام شواہد کو دیکھا جائے جو کہ ٹی وی چینل کے پاس ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی نے واضح کیا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا جس کو سراہتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن نے بھی یہی کہا کہ وہ الجزیرہ کے موقف کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے متعلقہ مواد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو سمجھتے اور صحافتی ذرائع کا احترام کرتے ہیں کیونکہ اسی بنیاد پر اے سی یو کی ٹیم دیگر میڈیا اداروں کے ساتھ بھی کام کرتی رہی ہے تاہم ان الزامات کو ثابت کرنا یا نہ کرنا اس بات پر منحصر ہے کہ انہیں پروگرام میں پیش کئے گئے شواہد کس حد تک فراہم کئے جاتے ہیں۔یار رہے کہ مذکورہ عرب ٹی وی چینل نے اپنے اسٹرنگ آپریشن میں ہندوستان اور سری لنکا کے ٹسٹ مقابلوں کو فکسڈ قراردیا ہے۔