روہت شرما کو عالمی رینکنگ میں پانچویں بیٹسمین کا مقام

کوہلی ہندوستان کے پہلے سرکردہ بیٹسمین ، دھونی 13 ویں مقام پر پہنچ گئے
دبئی۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹر روہت شرما 8 پائیدانوں پر اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں بہترین بیٹسمین کے مقام پر پہونچ گئے۔ انہوں نے پہلے مقام کے حامل آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف حال ہی میں اپنے کیریئر کے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی کو دو روز قبل ختم شدہ ونڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں اگرچہ ایک کے مقابلے 4 سے شکست ہوگئی تھی لیکن روہت ان کی شاندار بیٹنگ کے سبب مین آف دی سیریز قرار دیئے گئے تھے۔ انہوں نے اس سیریز میں دو سنچریاں بنانے کیلئے اپنے ملک کو ’’دلاسہ بخش‘‘ فتح سے ہمکنار کرنے والے آخری میچ میں 99 رنز بناتے ہوئے اس کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ روہت جنہوں نے 2006ء کے دوران سری لنکا میں انڈر۔ 19 ورلڈ چمپین مقابلوں میں حصہ لیا تھا، اب ویراٹ کوہلی کے بعد دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے موجودہ بیٹسمین بنائے گئے ہیں، البتہ آج جاری کردہ آئی سی سی کے تازہ ترین رینکنگس کے مطابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی ساتویں مقام سے گھٹتے ہوئے 13 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ ممبئی کے بیٹسمین 28 سالہ روہت اپنے بہترین کھیل کے ذریعہ 59 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور کوہلی سے 64 پوائنٹس پیچھے رہ گئے ہیں جبکہ کوہلی اب عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلرس سے 25 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ اس دوران ہندوستان نے سڈنی ونڈے جیت کر اس رینکنگ میں اپنا دوسرا مقام برقرار رکھا۔ اس سیریز میں 169 رنز بنانے والے میکویل 169 رنز بناتے ہوئے دو پائیدان عبور کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں آٹھویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔