روہت زخمی، پورلاڈ کے کپتان بننے کے امکانات

نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار بیٹسمین روہت شرما کی انگلی زخمی ہوچکی ہے اور وہ انگلینڈ کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں جس کے بعد ہندوستان میں منعقد شدنی چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں ممبئی انڈینس کیلئے بھی شدید دھکہ ہے۔ 13 ستمبر کو رائے پور میں کھیلے جانے والے پہلے مقابلہ کے ساتھ چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کا آغاز ہورہا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ونڈے کے دوران روہت شرما اپنی انگلی زخمی کروا بیٹھیں ہیں اور اب ممبئی انڈینس کے کوالیفائنگ مقابلوں میں ان کی شرکت اور ٹیم کی قیادت کے امکانات ختم ہوچکے ہیں جیسا کہ رائے پور میں ممبئی انڈینس کا مقابلہ پاکستانی ٹیم لاہور لاینس سے ہوگا۔ تفصیلات کے بموجب ممبئی انڈینس کی قیادت کیلئے اب جبکہ روہت شرما دستیاب نہیں ہیں لہٰذا ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر کیرن پولارڈ کو کپتان بنائے جانے کا قوی امکان ہے کیونکہ انہوں نے کریبین پریمیئر لیگ میں بربادوس ٹریڈنس کی کامیاب قیادت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی کی ٹرافی دلوائی ہے۔