حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) روڈی شیٹر شیخ فیروز حسین کے بہیمانہ قتل میں ملوث 6 ملزمین کو فلک نما پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 26 جولائی کی شب سید امتیاز قادری نے اپنے دیگر ساتھیوں محمد اعجاز، سید واحد علی، محمد علی خان، محمد افروز اور شیخ قربان کی مدد سے فلک نما پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر شیخ فیروز حسین کا شراب کی بوتلوں سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ قتل کی رات مقتول شیخ کی مسجد کے قریب واقع چائے کی دوکان کو گیا ہوا تھا کہ جہاں پر اُسے مذکورہ ملزمین نے نشانہ بنایا۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ خاطیوں نے شراب کی بوتلیں توڑ کر مقتول کے سر، سینے اور پیٹ مسلسل ضربات لگائے تھے جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ واردات انجام دینے کے بعد ملزمین نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی اور پولیس نے اِس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس فلک نما نے اِس سلسلہ میں فوری حرکت میں آکر 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا اور قتل میں استعمال کی گئی موٹر سیکلیں برآمد کرلیں۔