حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز )کاماٹی پورہ پولیس نے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان اور دیگر کے خلاف فرضی پاسپورٹ کیس میں چارج شیٹ داخل کردی ۔ فرسٹ ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد روڈی شیٹر کی بیوی اور برادر نسبتی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردئے ۔ تفصیلات کے بموجب روڈی شیٹر ایوب خان نے قلعہ گولکنڈہ علاقہ سے ایک فرضی پتہ پر پاسپورٹ حاصل کیا تھا جس میں اس کا نام اور دیگر تفصیلات کا غلط اندراج کروایا گیا تھا ۔ اس فرضی پاسپورٹ پر ایوب خان بیرونی ممالک سفر کر رہا تھا اور حیدرآباد پولیس کو کئی مرتبہ چکمہ دے چکا تھا ۔ پولیس نے 27 ڈسمبر سال 2016 کو ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ایمیگریشن عہدیداروں کی مدد سے اس کا پتہ لگایا اور وہاں سے گرفتار کرکے شہر منتقل کیا اور بعد ازاں اس کے خلاف کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ پولیس نے اس کیس میں پاسپورٹ ایجنٹ محمد خلیل احمد قاضی سید مقتدر علی قادری ( قاضی ) محمد نصیر الدین نائب قاضی ، پی رویندر ناتھ ( ایڈوکیٹ ) کو گرفتار کیا تھا جبکہ اس کیس کا اور ایک ملزم وینکٹیشور ( سپرنٹنڈنٹ پاسپورٹ آفس حیدرآباد ) ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی ۔ اس کیس میں ایوب خان کی بیوی حفیظہ بیگم اور اس کا بھائی قیصر الدین مفرور ہونے کے سبب عدالت میں ان دونوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کئے۔