روٹ کا ساتھی کھلاڑیوں سے حوصلے بلند رکھنے کا مطالبہ

برسبین۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کپتان جیوروٹ نے اپنی ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں اورہم بڑی شکست کے باوجود سیریز میں واپسی کرسکتے ہیں۔ انگلینڈ کو آسٹریلیا کیخلاف پہلے میچ میں دس وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس جیت نے انگلش ٹیم کے سامنے باقی چا ر ٹسٹ میچوں کیلئے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ جیوروٹ نے شکست کے بعد کہا کہ ہم خود پر اور اپنی کارکردگی پر بھروسہ رکھنا ہو گا اور نہ صرف خود کو بلکہ دیگر ساتھیوںکا بھی حوصلہ بڑھنا ہو گا۔ برسبین ٹسٹ کے پہلے تین دن ہم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ہم بدقسمتی سے کھیل پر اپنی گرفت برقرار نہیں رکھ سکے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا ٹسٹ 2 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا جو ایشز سیریز میں پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ آسٹریلیا کو ٹسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے اور انگلینڈ دوسرا میچ ہارناکا متحمل نہیں ہو سکتا۔ روٹ نے گابا میں اپنے فیلڈرز کا دفا ع کیااور کہا کہ آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کو آئوٹ کرنے کیلئے فیلڈرز نے جس حکمت عملی کو اپنایا وہ قابل تعریف ہے ، اسمتھ کی وکٹ کیلئے ہمیں بہت محنت کرنی پڑی، ماننا پڑے گا کہ اسمتھ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ روٹ ٹسٹ بیٹسمین کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں اورگابا میں دونوں اننگز کے دوران ایل بی ڈبلیو ہوئے ، مگر ان کے اعتماد میں کوئی کمی نہیں آئی اور کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کیسے کھیلنا ہے اور مجھے اس بات کا بھی احساس ہے کہ مجھے میچ سے قبل کس طرح تیار ہونا ہے۔ روٹ نے ان عزائم کا اظہار کیاکہ ایڈیلیڈ میں ہم جوابی حملہ کرینگے۔