ماسکو۔یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام)فٹبال ورلڈ کپ میں یوراگوئے نے یوروچیمپیئن پرتگال کی ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جس کے ساتھ ہی لیونل میسی کے بعد ہی کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بھی ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔روس کے شہر سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 7ویں منٹ میں کوانی نے گول کر کے یوراگوئے کو برتری دلا دی۔میچ کے باقی ہاف میں پرتگال کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کرنے کی متعددکوششیں کیں لیکن وہ ایک میں کامیاب نہ ہو سکے، پہلے ہاف کے اختتام تک یوراگوئے کو 0-1 کی برتری حاصل تھی۔دوسرے کے 10ویں منٹ میں تجربہ کار پرتگالی کھلاڑی پے پے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور میچ کے 62ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی ایک اورگول اسکورکرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔میچ کے دوران عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بجھے بجھے نظر آئے اور ایک بھی موقع پرگول کی جانب شاٹ نہیں مارا۔اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی رونالڈو اور پرتگال کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا جبکہ یوراگوئے کی ٹیم نے اگلے راؤنڈ رسائی اورکوارٹر میں فرانس کے خلاف صف بندی مکمل کرلی ۔ دن کے پہلے میچ میں میسی کی ٹیم کو بھی شکست ہوئی اور اس طرح فٹبال دنیا کے دو سب سے بڑے ستاروں میسی اور رونالڈو دونوں کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئیں۔فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں فرانس نے ارجنٹیناکو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دے کر خطاب کی دوڑ سے باہر کردیا۔پہلے پری کوارٹر فائنل میں دونوں ٹیموں نے ابتدا سے جارحانہ کھیل پیش کیا ۔فرانس نے جلد ہی ایک شاندار موو بنائی اور گول سے چند گز کے فاصلے پر فال کے نتیجے میں ریفری نے فرانس کو پینالٹی دی، جس پر گریزمین نے گول میں کوئی غلطی نہ کی۔پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل ارجنٹیناکے اینجل ڈی مریا نے شاندار فری ہٹ پر گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ برابر تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے دفاع کو چیرتے ہوئے حملہ کیا اور کپتان لیونل میسی کی ہٹ ساتھی کھلاڑی گیبریئل مرساڈو کے پیر سے ٹکرا کر گول میں چلی گئی اور ارجنٹینانے برتری حاصل کر لی۔تاہم اس کی یہ سبقت زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 9 منٹ بعد ہی میچ کے 57ویں منٹ میں بنجیمن پیورڈ نے جاندار کک لگاتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ پھر برابر کردیا۔اس موقع پر فرانس کی ٹیم نے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کی اور ارجنٹیناکے کمزور دفاع کا پردہ ایک مرتبہ پھر چاک کرتے ہوئے ایمبائے نے پے درپے 64 ویں منٹ اور 68 ویں منٹ میں دو گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں 2-4 کی برتری دلادی۔اس کے بعد ارجنٹینا نے خسارے کو کم کرنے کی بہت کوشش کی لیکن فرانس کے دفاع نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل انجری ٹائم میں میسی کے پاس پر اگویرو نے اپنی ٹیم کے لیے تیسرا گول کرتے ہوئے خسارہ کم کردیا لیکن ان کی یہ کاوش بھی ورلڈ کپ کی سابق رنراپ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔اس شکست کے ساتھ ہی ارجنٹینا کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہو گیا اور شاید میسی اور رونالڈوکا ورلڈکپ کرئیر بھی مکمل ہوگیا ہے۔