ریوڈی جنیرو۔17جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کھلاڑی سے سیاستداں بننے والے برازیل کے سابق عظیم کھلاڑی روماریو نے برازیل فٹبال کانفیڈریشن ( سی بی ایف) پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا ہے ۔ فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے سیمی فائنل میں پانچ مرتبہ کی چمپئن میزبان برازیل کو جرمنی کے خلاف انتہائی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی جس پر روماریو نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برازیل فٹبال کے بڑے عہدوں پرفائز افراد اس کے ذمہ دار ہیں جب کہ بدعنوانیوں کی وجہ سے بھی کھیل متاثر ہورہاہے ۔ 1994ء کے چمپئن جو اس وقت وزیرقانون بھی ہیں انہوں نے کہا کہ سی بی ایف میں بڑی تبدیلی کی جانی چاہیئے تاکہ آئندہ چار برسوں میں بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔ آئندہ چار برسوں کے لئے سی بی ایف کے اہم عہدہ پر مارکو پولو ڈیلمیرو فائز رہیں گے اور ان سے بہتر توقعات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برازیلی فٹبال جن ہاتھوں میں موجود ہیں انہیں عہدوں پر فائز رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ کیونکہ وہ کھیل کی بجائے پیسوں پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔