ماسکو۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) رواں سال فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی روس کے حصے میں ہے تاہم روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے الزام لگایا ہے کہ برطانیہ اور امریکہ جون میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سے روس کو محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کا مقصد فٹبال ورلڈ کپ کو روس سے باہر لے جانا ہے۔برطانیہ روس پر الزام لگاتا ہے کہ اس نے برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پر حواس کو متاثر کرنے والی گیس سے حملہ کیا، وہ اسے سزا دینا چاہتا ہے۔سابق روسی جاسوس کو زہر دیے جانے کے معاملے پر سینکڑوں سفارت کاروں کو دونوں جانب سے ملک بدر کیا گیا ہے۔ 170 روسی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ نے واشنگٹن کو الوداع کہا ہے جبکہ سینٹ پیٹرز برگ میں امریکی سفارتخانہ بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ روس جاسوس کو زہر دینے جانے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے روس میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کا 1936 میں نازی جرمنی کے اولمپکس سے موازنہ کیا ہے جبکہ انگلستان کی اپوزیشن رکن پارلیمان نے ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے یا پھر روس سے ہٹا لینے کی بات کی ہے۔بہر حال ابھی یہ بات کرنا قبل ازوقت ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم جون میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرے گی یا نہیں لیکن ورلڈ کپ کے عہدیداروں کے اسکواڈ میں 80سال بعد کوئی برطانوی موجود نہیں۔