روس اور قطر کی ورلڈ کپ میزبانی سے محرومی کا خطرہ

جنیوا ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا میں کرپشن کی بازگشت کے ساتھ ہی روس اور قطر کیلئے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے اور اگر ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق میں رشوت دیئے جانے کے ثبوت مل جاتے ہیں تو دونوں ممالک میزبانی کے حق سے محروم ہو جائیں گے۔ فیفا کی آڈیٹنگ کمیٹی کے سربراہ ڈومینیکو اسکالا نے کہا کہ اگر یہ ثبوت مل جاتے ہیں کہ روس اور قطر کو رشوت دینے پر ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق سے نوازا گیا تو پھر ان سے حقوق واپس لئے جا سکتے ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اب تک اس حوالے سے ثبوت فراہم نہیں کئے جا سکے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فیفا کے کسی اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے روس اور قطر کو ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق سے محروم کئے جانے کے حوالے سے بیان دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سوئس عدالتی حکام پہلے ہی 2018 ء اور 2022 ء ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق ترتیب وار روس اور قطر کو دیئے جانے کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں جہاں اس سے قبل 2010 ء میں جنوبی افریقہ کو میزبانی دینے پر بھی مختلف حلقوں نے شکوک شبہات اور تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فیفا کے 14 اعلیٰ عہدیداروں پر گزشتہ 20 سال کے دوران رشوت ستانی میں ملوث ہونے اور مالی فوائد اٹھانے کا الزام ہے اور امریکی قانونی حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس اسکینڈل نے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور ایک عرصے سے فیفا کی صدارت کرنے والے سپ بلاٹر نے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے صرف چار دن بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔