روسی صدر کی جمناسٹ الینا سے شادی کی خبریں پھر گرم

دبئی ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوتین کی معروف جمناسٹک چمپئن الینا کابائیوا کے ساتھ مبینہ معاشقے اور شادی کی خبریں ایک مرتبہ پھرعالمی میڈیا میں گرم ہیں۔ روسی ذرائع ابلاغ نے صدر پوتین اور الینا کے درمیان ملاقاتوں کی تازہ تصاویر بھی شائع کی ہیں، جس کے بعد دونوں کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے۔ روسی صدر کی مبینہ محبوبہ جمناسٹک چمپئن الینا کی حال ہی میں سامنے آنے والی ایک تصویر سے ظاہر ہو رہا ہے کہ اس نے تازہ تازہ شادی کی ہے کیونکہ اس نے دائیں ہاتھ کی ایک انگلی میں شادی کی انگوٹھی پہن رکھی ہے۔ روس میں صرف شادی کے موقع پر خواتین دائیں ہاتھ میں انگلیوں پر انگوٹھی پہنتی ہیں۔ اس تصویر کو الینا کی شادی کے حوالے سے ایک اہم ثبوت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

صدر پوتین کی اپنی ایک تصویر بھی ابلاغی اداروں کی توجہ کا مرکز ہے۔ یہ تصویر ان کی پچھلے ہفتے مصری فیلڈ مارشل جنرل عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے جس میں پوتین کوعروسی لباس زیب تن کئے دیکھا جا سکتا ہے۔ عموماً اس نوعیت کا لباس شادی ہی کے موقع پر پہنا جاتا ہے۔ روسی ایوان صدر کے ایک مقرب نیوز ویب پورٹل کے مطابق پوتین کی جن تصاویر کو نئی قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ جون 2013ء کی ہیں جب انہوں نے اپنی اہلیہ کو طلاق دی تھی۔ اس دن پوتین کی سالگرہ بھی تھی اور انہوں نے عروسی لباس پہن رکھا تھا۔ گزشتہ جمعہ کو ’نیز ہنکمسک‘ میں بچوں کے کھیل کے ایک مقابلے کے دوران الینا نے بھی شرکت کی تھی۔ وہاں سے لی گئی تصاویر میں اسے اپنے داہنے ہاتھ کی ایک انگلی پرشادی کی انگوٹھی پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ 61 سالہ صدر پوتین اور 30 سالہ الینا کے درمیان رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبریں اور دونوں کی ملاقاتوں کی تصاویر پچھلے سال سپٹمبرمیں سامنے آئی تھیں، تاہم ایوان صدر نے ان تمام خبروں کو من گھڑت قرار دیا تھا۔ پچھلے سال سپٹمبر میں روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی نے اپنے ایک ’ٹوئٹر‘ بیان میں کہا تھا کہ صدر پوتین اور الینا کابائیوا ’والڈائے‘ شہر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔ البتہ ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تاہم انہی دنوں صدر پوتین ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے وہاں پر مقیم تھے۔