نظا م آباد :17؍جون ( سیاست ذسٹرکٹ نیوز)انسان کو وہی کچھ ملے گا جس کی اس نے کوشش کی ،یہاں جمع ہوکر اس سنت کی تکمیل کی، ہم عزم کریں کہ نوافل کا اہتمام کریں گے ، انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کو راضی کریں گے ، ماہ رمضان المبارک کا لمحہ لمحہ عبادت میں صرف کریں اور رمضان المبارک کی رحمتوں کو سمیٹتے ہوئے جنت الفردوس کا پانے کا منصوبہ بنائیں گے تو ہی اللہ تعالیٰ ہم سے خوش ہوگا اور ہمارے اجر میں اضافہ کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ ارشاد ضیاء بانو ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ضلع عادل آبادنے جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین شہر نظام آباد کے جلسہ استقبال رمضان میں شریک خواتین وطالبات کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے مزید بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں ایک رات ایسی ہے جس میں عبادت کا ثواب کئی گنابڑا چڑھاکر دیاجائے گا۔ اللہ کے رسولؐ شب قدر کی تلاش کیلئے آخری عشرہ میں راتوں میں عبادت کیا کرتے تھے۔ چنانچہ اس رات کو اپنی عبادت والی رات بنائیں نہ کہ خواب غفلت میں مبتلا رہین۔ اللہ تعالیٰ نے بندے کے اندر تقویٰ کی صفت پیدا کرنے کیلئے روزے کا انتخاب کیا ہے چنانچہ ہم اپنے اندرروزے کے ذریعہ تقویٰ اور پرہیزگاری پید اکریں ۔ماہ رمضان المبارک کے بعد بھی اپنی زندگیوں میں تبدیلی واقع نہیں ہوئی تو ہم یہ سونچیں کہ رمضان کے ذریعہ ہم نے کیا حاصل کیا۔ جلسہ کا آغاز محترمہ نفیسہ باجی کی تلاوت کلام پاک و ترجمانی سے ہوا۔ محترمہ صالحہ پروین صاحبہ مقامی ناظمہ نے ابتدائی کلمات ادا کئے اور رمضان المبارک کی فضیلت واہمیت پر روشنی ڈالی۔ محترمہ وسیم کوثر صاحبہ نے رمضان المبارک کیوں اور کیسے کے عنوان پر مخاطب کیا۔جبکہ ’’قرآن اور ہماری زندگی‘‘ کے عنوان پر محترمہ نازیہ خانم صاحبہ نے بڑے ہی مفصل انداز سے خطاب کیا اور بتایاکہ قرآن مجید وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں ۔انہوںنے مختلف قرآن کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ جو شخص میری ہدایت کی پیروی کرے گا اسے سکونیت ملے گا جو قرآن مجید سے منہ موڑے گا اسے اندھا اٹھایاجائے گا اور اس کتاب کو ہم نے اتارا ہے ۔ اس کی پیروی برکت کے دروازے کھول دیتی ہے جو زندگی تقویٰ کے ساتھ گذرے گی اس کی تاثیر سے بڑے سے بڑا پتھر دل بھی پگھل جائے گا۔ قرآن پاک سرچشمہ ہدایت ہے قرآن مجید کی قوت سے ان کے دل نرم پڑجاتے ہیں رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ محترمہ حنا کوثر صاحبہ نے اعتکاف وشب قدر کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔