روزنامہ سیاست کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش

اوٹکور 27 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملت اسلامیہ ہائی اسکول اوٹکور میں جماعت دہم کے طلباء و طالبات میں روزنامہ سیاست کے زیراہتمام شائع کردہ ایس ایس سی کوئسچن بینک 2015 ء کی رسم اجرائی تقریب منعقد ہوئی۔ جناب محمد خورشید گدوال نائب صدر سوسائٹی ملت اسلامیہ کے ہاتھوں کتابیں تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر جناب محمد خورشید گدوال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ سیاست کی بے لوث سماجی خدمات کرنا ناقابل فراموش قرار دیا اور کہاکہ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کی مدبرانہ قیادت قابل ستائش ہے۔ طلباء کو چاہئے کہ اپنی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے کسی قسم کی لاپرواہی اور سستی کے بغیر حصول کیلئے کوشش کریں اور اپنا اور قوم و ملت کا نام روشن کریں۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ جناب عابد علی خاں مرحوم نے جو پودا لگایا تھا آج سیاست ترقی کرتے کرتے ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ قوم و ملت کے لئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹرکی جانے والی کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اُنھوں نے تعلیمی ترقی کیلئے جو بیڑا اُٹھایا ہے اس کا ثواب اللہ تعالیٰ کے پاس ضرور محفوظ ہے۔ جناب خورشید نے کہاکہ اس مسابقتی دور میں ادارہ سیاست کی جانب سے مفت ایس ایس سی کوئسچن بینک کو یاد کرتے ہوئے اعلیٰ نمبرات سے کامیاب ہوجائیں۔ جناب محمد کاظم حسین صدر مدرس نے کہاکہ سیاست کی جانب سے شائع کی گئی ایس ایس سی کوئسچن بینک طلباء کیلئے انتہائی مفید ہے۔ اُنھوں نے مشورہ دیا کہ اس کتاب کے ذریعہ صد فیصد سوالات حل کئے جاسکتے ہیں۔ ادارہ سیاست کی سرگرمیوں پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس ایس ایس سی کوئسچن بینک کی مدد سے طلباء کیلئے ایک نیا انقلاب قرار دیا جس کی سیاست کے حق میں جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ادارہ سیاست نے کئی فلاحی کاموں کو انجام دے کر قوم و ملت اسلامیہ کے درد کو محسوس کرتے ہوئے اُن کے مسائل حل کئے ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ جناب محمد رفیع، محمد شفیع، محمد انور میاں، روشن، عطاء اللہ، حشمت اللہ، انجم ٹیچر، حمیرہ بیگم، صادقہ بیگم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر کتابیں تقسیم کی گئیں۔