رن آوٹ ،اظہر علی مذاق کا موضوع بن گئے

ابوظہبی ۔ 18اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ میں آئے دن ریکارڈز تو بنتے ہی رہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ مضحکہ خیز واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں اسی طرح کا مزاحیہ واقعہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی میں جاری میچ کے دوران پیش آیا۔اظہر علی نے پیٹر سیڈل کی گیند پر تھرڈ مین باؤنڈری کی جانب اسٹروک لگایا اور گیند بالکل باؤنڈری کے نزدیک جاکر رک گئی۔ فیلڈر نے گیند کو اٹھا کر کیپر کی جانب پھینکا اور اس دوران اظہر علی اپنا رنز مکمل نہیں کر سکے جبکہ وکٹ کے درمیان میں ہی ساتھی کھلاڑی اسد شفیق سے باتیں کرنے لگ گئے۔مہمان ٹیم کے کپتان ٹم پین نے موقع کا بھرپور فائدہ ہوتے ہوئے اظہر علی کو رن آؤٹ کردیا جبکہ 50 ٹسٹ سے زائد میچز کھیلنے والے تجربہ کار بیٹسمین نے واپس وکٹ میں پہنچنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ ساتھی کھلاڑی اسد شفیق نے بھی گیند کے باؤنڈری لائن پر لگنے یا نہ لگنے کو نظر انداز کردیا اور اظہر علی کے ساتھ وکٹ کے درمیان میں ہی باتوں میں لگ گئے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر اس اسد شفیق کیپر کی جانب کھڑے ہوکر اظہر علی سے باتیں کرتے تو وہ آؤٹ ہوسکتے تھے جبکہ اگر فیلڈر بولنگ کریز کی جانب تھرو کرتے تب بھی وکٹ اسد شفیق کی ہی جانی تھی۔ دراصل دونوںہی بیٹسمینوں نے گیند کو چوکا تصور کرلیا تھا اور رنز مکمل کرنے کی بجائے وہ وکٹ کے درمیان میں باتیں کرنے لگے۔یادرہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 400 رنز اسکور کرنے کے بعد اپنی اننگز ختم کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے 538 رنز کا نشانہ دیا۔