رمضان میں نئی تحدیدات

دوحہ۔29جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مقدس ماہ رمضان کے دوران مساجد میں اکثر مذہبی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں لیکن ان اجتماعات کے لئے وزارت اوقات اور اسلامی امور سے اجازت لینی ہوگی۔ رمضان کے آخری دہے میں مساجد میں اکثر بندگان توحید معتکف ہوتے ہیں لیکن قطر کی مساجد میں اعتکاف کے لئے وزارت سے اجازت لینی ہوگی۔ اسی طرح مساجد میں عطیات اور چندے بھی وزارت کی اجازت کے بغیر وصول نہیں کئے جاسکیں گے۔ غیر متعلقہ افراد مساجد میں مذہبی بیانات بھی نہیں کرسکیں گے کیونکہ رمضان کے دوران یہاں دیکھا جاتا ہے کہ نمازوں کے بعد لوگ جمع ہوکر مذہبی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں لیکن وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ارباب مجاز ایسے افراد پر روک لگانے کوشاں ہیں جو کہ غیر مجاز طور پر اس طرح کے بیانات کرتے ہیں۔

وزارت کی اجازت کے بغیر کوئی بھی مساجد کے باہر رمضان کے باہر کسی بھی قسم کے پرچہ جات، کتابیں اور قرآن کے نسخے بھی تقسیم نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں وزارت نے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اس کی اجازت کے بغیر مساجد میں کوئی روزداروں کے لئے افطار اور کھانے کا انتظام بھی نہیں کرسکتا اور جو روزداروں کے لئے افطار کا انتظام کرنا چاہتے ہیں انہیں وزارت سے اجازت لینی ہوگی۔ وزارت نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ نمازوں کے دوران چھوٹے بچوں کو اپنے ساتھ نہ لائیں کیونکہ یہ نمازیوں کے لئے خلل کا باعث ہوتے ہیں۔ ان تمام اعلانات کا جمعہ کے دوران آئمہ نے اپنے خطبات میں عوام تک پہنچا دیا ہے۔