بیدر۔8؍جون۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ماہِ رمضان المبارک مقدس مہینہ ہے ہم اس کا شایانہ شانِ استقبال کریں ۔ ۔ ماہ مبارک نزولِ قُرآن کا مہینہ ہے ۔تقوی پرہیزگاری ‘غمگساری ‘محبت ‘الفت ‘ہمدردی‘ خیر خواہی ‘خدمت خلق اور جذبہ اتحادواللہ تعالی اور رسول اللہ ﷺسے بے انتہا لو لگانے کا مہینہ ہے ۔ان خیالات کا اِظہار ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ نے بگد ل شریف میں منعقدہ ’’مرکزی جلسہ جشن ولادت با سعادت حضرت سیدنا غوث الاعظم دستگیر ؒ و استقبال ِ ماہِ رمضان المبارک ‘‘کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے حضر ت پیرانِ پیر ؒکی تعلیمات اور کرامات پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سرکارِ دو جہاں حضر محمد ؐ‘اہلِ بیت اطہارؓ اور اولیائے اللہ کی تعلیمات کو عام کرنا ہی ہمارا مقصد ہے ۔ اسی لئے ہر ماہ کی قمری28تاریخ کو مُختلف مقامات جید و ممتاز علماء دین ‘وعظین اور مقررین کو درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں مدعو کیا جاتا ہے ۔اسی لئے کہ یہاں خالص کلام اُللہ ‘کلامِ نبوی کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔انھو ںنے رمضان المبارک کی آمد کی تمام مسلمانوں کو پُر خلوص مبارکبا د دیتے ہوئے مریدین و معتقدین و حاضرین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عقیدے کی حفاظت کرتے ہوئے رسول اللہ صعلم ‘صحابہ کرامؓ اور اولیائے اللہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو سنوارنے کی کوشش کریں ۔مولانا سید محمد عرفان اللہ شاہ نوری جانشین سیف الاسلام حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں اللہ کا ذکر ہوتا ہے وہاں رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ۔جہاں اللہ والے ہوتے ہیں وہاں دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ درود پڑھنے سے ایمان پُختہ ہوتا ہے ‘جسم میں تقوی پیدا ہوتا ہے اور حضورؐ کا دیدار نصیب ہوتا ہے ۔اللہ فرماتا ہے کہ روزہ خالص میرے لئے ہے اور میں اس کی جزا دیتا ہوں ۔جب بندہ اللہ رب العزت کی انہماک کے ساتھ عبادت کرتا ہے تو اللہ تعالی اس کی عبادت قبول فرماتا ہے۔ ا س ماہ دن میں روزے فرض اور رات میں تراویح سنتِ موکدہ نفل عبادتیں کثرت سے کریں۔انھو ںنے قُرآن اور صاحبِ قُرآن کی تعلیمات کے علاوہ اولیائے اللہ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔سید اکبر امحی الدین قادری مشائخ بالا پور نے کہا کہ حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ نے قُرآن اور صاحبِ قُرآن کی تعلیمات کو نہ صرف عام کیا بلکہ اپنے نائبین اور خلفاء کے ذریعے دنیا بھرمیں دینِ اسلام کے پیغام کو عام کیا ۔پروفیسر مشائخ صاحب نے بھی محبوب ِ سبحانی اور دیگراولیائے اللہ کے حالات سیر حاصل روشنی ڈالی ۔ محمد عبدالحمید رحمانی چشتی صدر کُل ہند تنظیم اصلاحِ معاشرہ نے کہا کہ ایک عرصہ سے بارش نہیں ہورہی تھی حضور پیرانِ پیر کی ولادت کے موقع پر رحمت والی بارش ہورہی ہے ۔کم و بیش ایک لاکھ 24ہزار انبیاء دنیا میں تشریف لائے اور اسلام کی صحیح اور سچی تعلیمات کو انسانوں تک پہنچایا۔ صحابہ ؓ ‘اولیائے اللہ نے بھی دین کی تعلیمات کو عام کیا ۔اللہ والو ںکی زبان سے نکلا ہوا لفظ مکمل ہوتا ہے۔حضرت پیرانِ پیر فرماتے ہیں کہ بے نمازی کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن مت کرو ۔حضرت علی ؓکو موسمِ گرما میں روزے پسند بہت تھے ۔حضور صلعم نے اللہ سے دعا فرمائی میرے علی کیلئے موسم میں تبدیلی فرما۔مولانا نے بھی رمضان کی فضیلتوں اور برکتوں پر روشنی ڈالی ، قراء ت حافظ و قاری شاہنواز‘محمد سعید ‘محمد سلیم بھائی ظہیرآباد‘ حافظ اسجد قادری امام و خطیب مدینہ مسجد‘لطیف پٹیل‘احمد محی الدین قادری افتخاری اکولہ احمد نگر‘ڈاکٹر احمد‘ حکیم محمد عبدالعلیم قادری حیدرآباد‘ محمد فہیم آستانہ قادریہ ‘مشتاق احمدبگدلی ‘علیم الدین نے نعتِ رسول و منقبت سنانے کی سعادت حاصل کی ۔محمد لئیق احمد قادری بگدلی ‘اور دیگر شہ نشین پر موجود تھے ۔رات دیر گئے محفلِ سماع گرم ہوئی ممتاز قوال عزیز عثمان ناگن کھیرا نے ساز پر نعتیہ و منقبتی اور عرفانی کلام پیش کرکے خوب داد حاصل کی ۔ڈاکٹر خلیفہ شاہ ادریس احمد نے خواتین کے اجلاس کو خطاب کیا۔اور درسِ تصوف دیا ۔ دعائے سلامتی کے بعد قبل از نمازِ فجر روحانی محفل تکمیل پذیر ہوئی۔
٭٭٭