غزہ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) مصری حکام نے محصور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی سے متصل واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو دو دن یکطرفہ طورپر عارضی طورپر کھولنے کے بعد دوبارہ غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذرگاہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس دوران مصر کی جانب پھنسے صرف 554 مسافر غزہ داخل ہوئے۔ ان میں سے 152 مسافر قاہرہ ہوائی اڈے سے وہاں پہنچے تھے۔خیال رہے کہ مصری حکام نے اتوار کی صبح سے شام تک اور کل رفح گذرگاہ کو عارضی طورپر یکطرفہ شہریوں کی روانگی کیلئے کھولا تھا جس کے بعد گذشتہ شام سے دوبارہ غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ہزاروں افراد اپنے ضروری کاموں کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں مگرمصری حکومت کی طرف سے انہیں گذرگاہ سے پار جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں شہری سنگین مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد طلباء اور طالبات کی بھی ہے۔ قاہرہ حکام طلباء کو بھی بیرون ملک اپنی تعلیم مکمل کرنے کیلئے سفر کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔