دارالعلوم اہل سنت کے جلسہ سے علامہ سید محمود اشرف اشرفی جیلانی و دیگر علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔14 اپریل ( راست ) علامہ سید محمود اشرف اشرفی جیلانی سجادہ نشین کچوچھ شریف منعقدہ ’’ اتحاد اہلسنت کانفرنس ‘‘ یاقوت پورہ زیراہتمام دارالعلوم اہلسنت امام احمد رضا کے سالانہ جشن دستاربندی و فارغین طلباء و حفاظ و علماء کے دستاربندی سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے درود پاک کی اہمیت ، فضیلت اور اس کی افادیت کو بیان کیا ۔ انسان کے پاس دل ایک ہی ہے تو ہم نے اس ایک دن میں پیارے آقاﷺ کی محبت کو بسا لیاتو اب اسی ایک دل میں کینہ ، حسد ، بغض اور دوسری بری چیزیں کس طرح بسا سکتے ہیں ؟ ہم اپنے دلوں سے بغض و حسد ، کینہ ،غیبت اور ان جیسی بری عادتوں کو نکال پھینکیں کیونکہ ہم رسولﷺ کی محبت جیسی پاک چیز کو ناپاک چیز کے ساتھ کیسے رکھ سکتے ہیں۔ صرف عشق نبیؐ کا دعوی کرنا کافی نہیں بلکہ رسولﷺ کی تعلیمات کو اپنا کر اپنی زندگی میں نور ایمان پیدا کرنا ہوگا ۔ مفتی نعیم الدین نعیمی نے علم دین اور قرآن پاک کی فضیلت بیان کی ۔ مفتی محمد احمد مصباحی (کرناٹک)، مولانا سید خالد اشرفی بھاگلپور، مولانا سید اطہر اشرف اشرفی الجیلانی ، مولانا احمد اشرف اشرفی ( بہار) ، مولانا سید محمد نبیرہ قادریالحیدری ، مولانا سید غوث احمد قادری غوث پیر کلیمی ، مولانا فصیح الدین نظامی اشرفی ، مولانا عبدالرحمن ازہری ، مولانا سید معز الدین اشرف ، مفتی ندیم ربانی ، مولانا یحییٰ اشرفی ، مولاناسید الشاہ قادری ملتانی ، مولانا نظام الدین رضوی کے علاوہ دیگر مقامی علماء و مشائخین نے شرکت کی ۔ جناب عبدالرزاق قادری ، جناب رضوان خان قادری ، جناب آصف مسعود اشرفی ، حاجی ضیاء الحق اشرفی ، حافظ و قاری محمد ہارون خان صابری ، جناب تجمل حسین نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری اشتیاق عالم رضوی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآب میں محمد شفیع یوسفی الگیلانی اور مولانا عبدالمنان نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔