رسل کی نصف سنچری رائیگاں،چینائی کامیاب

چینائی ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل 2019 میں چینائی سوپرکنگس نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کو7 وکٹ سے شکست دے کر جیت حاصل کرلی۔ چینائی میں ہوئے مقابلے میں میزبان کو 109 رنز کا ہدف ملا، جسے اس نے تین وکٹ کے نقصان پر 17.2 اوورمیں حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کے لئے فاف ڈوپلیسی نے ناٹ آوٹ 43 رن بنائے۔ ٹیم کی جیت میں چینائی کے بولروں نے اہم تعاون دیا۔ مین آف دی میچ دیپک چہربنے۔ اس جیت کے ساتھ ہی چینائی سوپرکنگس کے 6 میچوں میں 10 نشانات ہوگئے اوروہ جدول میں پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ کولکتہ 8 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبرپرہے۔ شکست کے بعد دنیش کارتک نے کہا کہ ہمارا اسکورکم تھا۔ اس میچ میں نہیں پتہ تھا کہ ہمیں کتنے رنز بنانے ہوں گے۔ پاورپلے میں چاروکٹ گرگئے تو مشکل ہوتا ہے، لیکن ہم مسلسل وکٹ گنواتے رہے۔ حالانکہ آندرے رسیل نے اس میچ میں بھی بہترین بیٹنگ کی اور نصف سنچری اسکور کی۔ دنیش کارتک نے اپنی ٹیم کو کھیل کا مزہ لینے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میچ کوبھول کرآگے کے میچوں پرتوجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو 20 اوورمیں صرف 108 رنز بنانے دیئے۔ چینائی کی دھیمی پچ پرکولکتہ کے بیٹسمین کچھ نہیں کرسکے۔ صرف آندرے رسل جدوجہد کرتے رہے اور انہوں نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ چینائی کے لئے سب سے کامیاب بولر دیپک چہررہے جنہوں نے تین وکٹ لئے جبکہ ہربھجن سنگھ اورعمران طاہرنے فی کس دو وکٹ حاصل کئے۔ رویندرجڈیجہ کے کھاتے میں ایک وکٹ آیا۔