رتھ یاترا کے سلسلے میں بی جے پی ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی

نئی دہلی؍کولکاتہ17دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)2019 کے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مغربی بنگال میں ‘جمہوریت بچاؤ’رتھ یاترا نکالنے کے سلسلے میں کولکاتہ ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی۔مغربی بنگال میں برسراقتدار وزیراعلی ممتا بینرجی کی قیادت والی حکومت نے ریاست میں رتھ یاترا نکالنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد بی جے پی کولکاتہ ہائی کورٹ کارخ کرے گی۔مغربی بنگال کے بی جے پی صدر دلیپ گھوش پیر کو محترمہ بینرجی کی حکومت کے اجازت نہ دینے کے خلاف ہائی کورٹ میں جائیں گے ۔مغربی بنگال حکومت نے ہفتے کو کہا تھا کہ اگر رتھ یاترا کی اجازت دی گئی تو اس سے پوری ریاست میں فرقہ وارانہ ماحول بگڑنے کا خدشہ ہے ۔مسٹر گھوش نے کہا،‘‘ریاست کے عوام تبدیلی کے لئے تیار ہیں۔بی جے پی نے پنچایتی انتخابات میں 7000سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں اس لئے وزیراعلی گھبرائی ہوئی ہیں اور اس طرح کا غیر جمہوری فیصلہ کررہی ہیں۔’’انہوں نے کہا،‘‘بی جے پی نے مغربی بنگال میں تنظیم کو توسیع دینے کے لئے تین رتھ یاتراؤں کو نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ریاست میں رتھ یاترائیں یقینی طورپر نکالی جائیں گی۔محترمہ ممتا بینرجی اور ان کی حکومت بی جے پی کارکنان کو دبا نہیں سکے گی۔